آئی ایم ایف کے بڑے پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں: وفاقی وزیرِ خزانہ

132

 کراچی: محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو کم از کم 3سال کا نیا آئی ایم ایف پروگرام درکار ہے۔

کراچی میں اسٹاک ایکس چینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گرم جوش استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں، آئی ایم ایف حکام سے جلد واشنگٹن میں ملاقات ہو گی۔ پاکستانی وفد آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے مذاکرات کے لیے 14 اور 15 اپریل کو واشنگٹن جائے گا جس میں نئے پروگرام کے خدوخال پر بات کریں گے جبکہ تفصیلی مذاکرات پاکستان آکر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی نمو 5 فیصد رہی، چاول کی فصل بمپر رہی، گندم کی بھی اچھی خبریں ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ بہتر ہے، شرح تبادلہ بھی مستحکم ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے ، آئی ایم ایف کی شرائط ملک کے لیے بہتر ہیں اور یہ آخری پروگرام اسی وقت ہوگا جب ہم اسٹرکچرل پالیسیز اپنائیں، اب ہم نے اپنی توجہ کس پر مرکوز کرنی ہے، یہ ہم جانتے ہیں کہ کیا اور کیوں کرنا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ نگراں حکومت نے معیشت کی بحالی کے لیے بہتر کام کیے ، بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت معیشت جلد مستحکم ہو گی، آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ نگراں حکومت کے منظم اقدامات کی بدولت ممکن ہوا، نگراں دور حکومت میں میکرو اکنامک استحکام آیا۔ آئی اے کی نج کاری اور ایئر پورٹس آؤٹ سورسنگ پر اچھی پیش رفت ہوئی ہے، حکومت کا کام پالیسی فریم ورک دینا ہے، نجی شعبے کو لیڈ کرنا ہے۔