کے پی کے اسمبلی: مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف لینے کا حکم

215

پشاور: عدالت نے صوبائی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان سے حلف لینے کا حکم دے دیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں (پی پی پی، ن لیگ ، جے یو آئی) کے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے ارکان سے حلف نہ لینے کے معاملے پر دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اپنا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حلف لینے کی درخواستیں منظور کرلیں اور مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف لینے کا حکم جاری کردیا۔

پشاور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ (جسٹس ایس ایم عتیق شاہ ، جسٹس شکیل احمد) نے درخواستوں پر سماعت کی اور اسپیکر کے پی اسمبلی کے وکیل کے علاوہ اپوزیشن ارکان کے وکیل کے دلائل سنے۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے بھی عدالت کی کیس کے حوالے سے معاونت کی۔

بعد ازاں عدالت عالیہ نے تمام دلائل سننے کے بعد بعد کے پی اسمبلی میں اپوزیشن کے مخصوص نشستوں کے ارکان اسمبلی سے حلف لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جسے بعد میں جاری کرتے ہوئے عدالت عالیہ نے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینے کا حکم دیا۔