شانگلہ حملے میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے گا، دفتر خارجہ

229
Afghan territory

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شانگلہ حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بشام میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے، واقعے میں 5 چینی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوئے۔ اس واقعے کے سہولت کاروں اور ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں ہر صورت لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی قوم کے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس کارروائی کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی، ہم ایسی تمام قوتوں کے خلاف پوری عزم کے ساتھ کارروائی کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے چینی دوستوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور حملے میں ہلاک ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔