الخدمت ’’واش پروگرام‘‘ کے تحت پانی کا عالمی دن منایاگیا

221
World Water Day

کراچی: الخدمت کراچی کے ” واش پروگرام‘‘ کے تحت پانی کا عالمی دن منایا گیا ،بحریہ یونیورسٹی اور الخدمت کے اشتراک سے یونیورسٹی کے فاطمہ جناح ہال میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا بعدازاں آگاہی واک کی گئی جس میں طلبہ وطالبات ،اساتذہ اور الخدمت کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر الخدمت میڈیکل سروسزڈاکٹر ثاقب انصاری نے” محفوظ پانی ” کے عنوان سے اپنے خطاب میں کہا کہ پانی بنیادی انسانی ضرورت ہے اور صاف پانی اس سے بھی زیادہ ضروری ہے ،آلودہ پانی امراض کا باعث بنتا ہے اور اس سے پیٹ کے امراض پیدا ہوتے ہیںاور بعض صورتوں میں قیمتی جانیں بھی چلی جاتی ہیں۔

سیمینار سے پرنسپل بحریہ یونیورسٹی ڈاکٹر آصف انعام،ڈائریکٹرالخدمت” واش پروگرام” گوہر السلام،ہیڈ آف ڈان نیوز نیہا داغیہ ،سلمی ٰ حمزہ ( ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ارتھ اینڈ انوائرمنٹل سائنسز ) نے خطاب کیا ۔اس موقع پر بحریہ یونیورسٹی کی استاد ڈاکٹر شائستہ منیجر واش پروگرام سعد اکبر ودیگر ذمہ داران اور یونیورسٹی اساتذہ موجوو تھے۔

ڈاکٹر ثاقب انصاری کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پانی کو ابال کر پیا جائے ،اگر یہ ممکن نہیں تو فلٹر پانی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔پرنسپل بحریہ یونیورسٹی ڈاکٹر آصف انعام نے کہا کہ اس وقت ہمارے پا  س30دن کا پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ زمین میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے ۔ملک میں بڑے ڈیموں کی اشد ضرورت ہے تاکہ پانی کو ذخیرہ کیا جا سکے اور ملک میں پانی کی قلت ختم ہو ۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں ڈیم بنا دیئے جائیں تو وافر پانی ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔

ہیڈ آف ڈان نیوز نیہا داغیہ نے کہا کہ بد قسمتی سے میڈیا پر بھی صاف پانی کے حوالے سے بات نہیں کی جاتی۔ انہوں نے اپنی صحافتی زندگی میں کیے جانے والے تجربات ومشاہدات کی روشنی میں بتایا کہ پانی کے ضیاع کو روکنا ہو گا اور معاشرے کو صاف اورمحفوظ پانی سے متعلق آگاہی دینا ہوگی۔

ڈائریکٹرالخدمت” واش پروگرام” گوہر السلام نے کہا کہ الخدمت زندگی کے 8شعبہ جات میں کام کر رہی ہے ،جن میں سے واش پروگرام  بھی ایک  اہم شعبہ ہے جس کے تحت 65واٹر فلٹریشن پلانٹس لوگوں کو صاف پانی فراہم کر رہے ہیں ،الخدمت واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی قائم ہے جہاں پانی کے نمونوں کی باقاعدگی سے جانچ ہوتی ہے ،واٹر وین کے ذریعے بازاروں ،اہم و مصروف مقامات پر اورہنگامی حالت میں لوگوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے ،جبکہ جامعات ،کالجز،تھانوں اور دیگر اہم مقامات ہر واٹر چلرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کے ضیاع کو روکنا ہوگا ۔ وضو کے بچے ہو ئے پانی کو کیاریوں ،گملوں اور سرسز میدانوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ گھروں میں بھی پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے لوگوں میں شعور بیدار کرنا ہوگا۔

سلمی ٰ حمزہ ( ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ارتھ اینڈ انوائرمنٹل سائنسز ) نے کہاکہ پانی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ،ہمیں مل کر اس پر کام کرنا ہوگا اور اس اہمیت اور محفوظ اور صاف پانی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہوگا ،انہوں نے الخدمت کے ساتھ سیمیناراور واک کے اہتمام پر اشتراک کو خوش آئند قرار دیا۔