بھارت: 7 مراحل میں عام انتخابات 19 اپریل سے شروع ہونگے

505

نئی دہلی: بھارت میں عام انتخابات 19 اپریل سے شروع ہوں گے، جو کہ 7 مراحل میں منعقد کیے جائیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے لوک سبھا (ایوان زیریں) کے انتخابات کے حوالے سے شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق عام انتخابات 7 مرحلوں میں 19 اپریل سے شروع ہوں گے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 543 نشستوں کے لیے ہونے والے عام انتخابات کا اختتام یکم جون کو ہوگا۔

عام انخابات کے پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو بھارت کی 21 ریاستوں میں، دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو 12 ریاستوں میں، تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو 12 ریاستوں میں، چوتھے مرحلے میں 13 مئی کو 10 ریاستوں میں، پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو 8 ریاستوں میں، چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو 7 ریاستوں میں اور ساتویں مرحلے میں یکم جون کو 8 ریاستوں میں پولنگ ہوگی۔

بھارتی لوک سبھا کے الیکشن میں 97 کروڑ شہری حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہوں گے جب کہ یکم جون کو ووٹنگ کے مراحل مکمل ہوے کے بعد گنتی کا عمل 4 جون کو شروع کیا جائے گا۔