انٹر کے نتائج میں طلبہ کی ناکامی پر رپورٹ تیار، گریس ماکس دینے کی سفارش

470

کراچی:انٹر بورڈ میں طلبہ کو بڑی تعداد میں فیل کرنے کے حوالے سے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ تیار ہوگئی،  رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ  اکثر طلبہ سے بورڈ میں ناانصافی ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں انٹر کے نتائج میں طلبہ کی ناکامی پربننے والی  رپورٹ  میں کہا گیا ہے کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ سال کے آخر تک طلبہ کو کتابیں فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے، اساتذہ کی جانب سے کاپیاں چیک کرنے پر سخت مارکنگ کی گئی، جہاں زیادہ نمبر دینے کی گنجائش تھی وہاں کم نمبر دیے گئے۔

رپورٹ میں مزید کہاگیا کہ کئی طلبہ ایسے بھی تھے جنہیں اچھے گریڈ بھی دیے جاسکتے تھے جو نہیں دیے گئی، رپورٹ بنانے والی کمیٹی نے  طلبہ کو گریس مارکس دینے کی سفارش کی ہے۔

خیال رہے کہ انٹربورڈ کے نتائج میں بڑی تعداد میں طلبہ کو فیل کرنے پر جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں  انٹربورڈ آفس کے باہر احتجاج کیا تھا، جس پر انٹر بورڈ کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ طلبہ کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی، اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔