عالمی برادری فلسطین میں مظالم رکوانے میں کردار ادا کرے، مولانا فضل الرحمن

338

مری:جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین میں مظالم رکوانے میں کردار ادا کرے، حماس قیادت کو بتایا کہ پاکستان کا بچہ بچہ آپ کے ساتھ ہے، اگر ہم بھی امریکا کو سپرپاور سمجھتے ہیں تو احمق ہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج فلسطین پرصیہونی قوتیں حملے کررہی ہیں، بچوں اورخواتین پر بمباری کی جاری ہے، فلسطینی مسلمان بھائی ہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، امت مسلمہ کا فرض ہے کہ فلسطین کی مدد کرے۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کردی ہے، ہم اپنی قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے حماس قیادت سے ملے، فلسطینیوں کی ہرفورم پر حمایت جاری رکھیں گے۔

سربراہ جے یو آئی  نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو فلسطینی بچے اور خواتین نظر نہیں آرہے، امریکا کو فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی نظر نہیں آرہی، روس افغانستان آیا تو وہاں کے لوگوں نے ہتھیاراٹھائے، امریکا کے آنے پر بھی افغان عوام نے ہتھیار اٹھائے۔