حافظ نعیم الرحمن کا چاروں صوبائی گورنرز کو برطرف کرنے کا مطالبہ

545

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ چاروں صوبوں کے گورنر،خیبرپختونخواہ اور پنجاب کی عبوری حکومت کو فوری برطرف کیا جائے ، 8فروری کو صاف و شفاف انتخابات کروانے کے لیے عدلیہ کے مقرر کردہ آراوز اور ڈی آراوز تعینات کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ صوبوں میں تبادلہ کیا جائے تاکہ دھاندلی کا کوئی امکان ہی نہ ہوں، الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ اورنادرا میں موجود ڈیٹا کے مطابق ووٹر لسٹوں کو درست کیا جائے، مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم ان تمام جماعتوں نے ہمیشہ مردم شماری کے نام پر کراچی کے عوام کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے۔

انہوں نے کہا کہ   ایم کیو ایم بتائے کہ وہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے سیٹوں کی بھیک کیوں مانگ رہی ہے؟ یہ ذاتی مفادات کے لیے پھر سے عوام کا سودا کررہے ہیں ۔ایک دوسروں کو را کا ایجنٹ کہنے والے پھر ایک ہوکر کراچی کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں ،جاگیرداروں اور وڈیروں اور ایک دوسرے کو راکا ایجنٹ کہنے والوں کا اتحاد کراچی کو کبھی بھی ترقی نہیں دے سکتا ۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ   کراچی کے عوام اب انہیں عام انتخابات میں مسترد کردیں گے ۔مردم شماری میں کراچی کی آدھی آبادی غائب کرنے والوں سے ساڑھے تین کروڑ شہری عام انتخابات میں انتقام لیں گے ۔