ایم ڈی کیٹ امتحانات کے پیش نظر شہر کے 9 مقامات پر دفعہ 144 نافذ

274
enforced

لاہور :ایم ڈی کیٹ امتحانات کے پیش نظر شہر کے 9 مقامات پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق امن عامہ اور امتحانی عمل کی شفافیت کیلئے ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے 144 نافذ کی۔کل بروز اتوار یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے گرد دفعہ 144 نافذ ہوگی جبکہ گورنمنٹ اپواء کالج جیل روڈ،ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن، ڈی پی ایس ٹاؤن شپ اور گورنمنٹ کوئین میری گریجویٹ کالج کے نواحی 100 میٹرز تک دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ اور گلبرگ کے گردونواح میں صرف امیدواروں اور امتحانی عملے کو داخلے کی اجازت ہوگی۔امتحانی مراکز کے گرد کسی بھی احتجاج یا ہجوم کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔

نقل میں استعمال مواد، اسلحہ، موبائل، ڈیجیٹل ڈیوائسز امتحان گاہ اور 100 میٹر حدود تک لانا جرم تصور ہوگا۔امتحانی عملہ اور امیدواروں سمیت کوئی بھی ممنوعہ مواد کو ہمراہ نہ رکھنے کا پابند ہوگا۔

اس موقع پر ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ شفاف امتحانی عمل کو یقینی بنانے کیلئے امتحان گاہوں کے اچانک دورے بھی کیے جائیں گے انہوں نے والدین اور طلباء سے گزارش کی کہ ضلعی انتظامیہ کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔