ملک کا بیڑہ غرق کرنیوالے کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی، علامہ قاری زوّاربہادر

945
politicians

لاہور: جمعیت علماء پاکستان سپریم کونسل کے چیئر مین علامہ قاری محمد زوّار بہادر نے کہاہے کہ وقت کے یزیدوں اور فرعونوں کے ہاتھوں مجبور اور مظلوم انسانیت امام حسین کو پکاررہی ہے، پاکستان میں کرپٹ اور بددیانت سیاستدانوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے ووٹ کے ذریعے ایسے سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی. 

قاری زوّار بہادر کا کہنا تھاکہ آج اگر امام حسین کے نام لیوا باطل کےخلاف میدان عمل میں نکل آئیں تو یزید کا کوئی پیروکار حکمران ان کے سامنے ٹھہر نہیں سکتا، لیکن افسوس ہم سب منافقت کا شکار ہیں. یہ باتیں انہوں نے جمعیت علماء پاکستان لاہور کینٹ کے تحت منعقدہ شہدائے اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، کانفرنس کی صدارت مولانا عطاء الرحمٰن نقشبندی نے کی جبکہ پیر جمال الدین بغدادی، حافظ نصیر احمد نورانی، مفتی تصدق حسین ، قاری اقبال عارف، مولانا مستنصر احمد نورانی، مولانا محمد فیضان، قاری لیاقت علی رضوی سمیت دیگر مقررین نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔

علامہ قاری زوّار بہادر کا کہنا تھا کہ ہم نام امام حسین کا لیتے ہیں لیکن عملاً یزیدوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مسلمانوں کا ناحق خون بہانے والوں کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ جو حکمران اپنی رعایا کے ساتھ عدل نہیں کرتا ان کی خبرگیری نہیں کرتا وہ اللہ اور اس کے رسول کا اور عوام کا بھی مجرم ہے ،آج وقت کے یزیدوں نے پھرکربلا برپا کی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ کرپٹ اور بددیانت سیاستدانوں نے ملک کو دیوالیہ کردیاہے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدیں بھی محفوظ نہیں  رہیں،بلوچستان، کراچی اور خیبرپی کے میں بے گناہ انسانوں کا خون بہایا جارہاہے۔

قاری زوّاربہادر کا مزید کہنا تھاکہ علماء مشائخ اپنے حجروں سے نکل کر رسم شبیری ادا کرتے ہوئے میدان عمل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، اگر ان بدترین حالات میں محراب ومنبر سے حق کی آواز بلند ہوئی تو پھر آنے والی نسل ہمیں معاف نہیں کرے گی۔