دریائے ستلج کے حفاظتی بندٹوٹ گئے، درجنوں دیہات زیرآب، پانی چشتیاں شہر کی جانب بڑھنے لگا

717
Chishtian city

چشتیاں: دریائے ستلج نے چشتیاں کے مضافاتی علاقوں میں تباہی مچا دی، نچلے درجے کا سیلاب چشتیاں شہر کی طرف بڑھنے لگا۔

دریائے ستلج کا پانی چشتیاں شہر سے 10 کلومیٹر دور رہ گیا، درجنوں حفاظتی بند ٹوٹ گئے، 40 سے زائد دیہات پانی میں ڈوب گئے، بستی شہادم شاہ، لدھیراں، دلہ عاکوکا، بستی تخوانہ، مہتہ جھیڈو اور دیگر چھوٹی بستیاں زیرآب آگئیں۔

ہزاروں ایکڑ دھان، مکئی اور دیگر فصلیں پانی میں ڈوب گئیں، دریا کا پانی داخل ہونے سے سیکڑوں گھر گر گئے، دیہاتوں اور مضافاتی بستیوں میں نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت گھر چھوڑ کر جانے پر مجبور ہیں۔

سڑکیں ٹوٹنے سے دیہاتوں کا ایک دوسرے سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا، دریا کا پانی بجلی کے درجنوں پول بھی بہا لے گیا جس سے دیہی علاقوں میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہے۔