روس سے تیل کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچنے پر وزیر اعظم کا اظہار اطمینان

311
flood disaster

اسلام آباد: روس سے تیل کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی  وزیراعظم شہبازشریف نے اہم پیش رفت پر کہا ہے کہ  روس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج میں نے اپنی قوم سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے. مجھے یہ بتاتے ہوئے نہایت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ روس سے رعایتی قمیت پر خریدی گئی پہلی خام تیل کی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے اور اسے پیر کو (آج) بحری جہاز سے اتارنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ  آج کا دن تاریخ میں ایک تاریخی تبدیلی کے دن کے طور پر یاد کیا جائے گا. ہم نے خوشحالی، معاشی ترقی، توانائی سلامتی اور کم لاگت ایندھن کی فراہمی کی طرف آج پہلا اور انتہائی اہم قدم اٹھایا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  روس سے پاکستان آنے والی تاریخ میں خام تیل کی یہ پہلی کھیپ ہے اور یہ روس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے. اس موقع پر میں ان تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہتا ہوں جو اس قومی اقدام کی تکمیل میں شریک رہے اور روس سے خام تیل کی درآمد کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا کردار ادا کیا۔