غزہ پر اسرائیلی حملہ: عالمی برادری کی خاموشی منافقانہ عمل ہے، دردانہ صدیقی

490

کراچی: جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے غزہ پر غاصب صہیونی ریاست  اسرائیل کی جانب سے  وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی درندگی سے معصوم فلسطینیوں بالخصوص بڑی تعداد میں بچوں کی مظلومانہ شہادت نے ہر دردمند دل کو زخمی کردیا ہے، اس سانحے پر عالمی برادری کی خاموشی ان کی منافقت کو بے نقاب کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کے حقوق کی پامالی پر چیخ اٹھنے والی این جی اوز اور بین الاقوامی ہیومن رائٹس ادارے اسرائیلی درندگی کو مکمل  نظر انداز کر کے ان کی پشت پناہی کرتے ہیں ۔ غاصب صہیونی فوج سے برسر پیکار جذبہ حریت سے سرشار فلسطینی مجاہدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان بالخصوص پاکستان کا بچہ بچہ فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہے۔

دردانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ مسلم حکمرانوں کی ایمانی غیرت کا تقاضہ ہے کہ قبلہ اول کو صہیونی پنجہ استبداد سے چھڑانے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔