مولانا ہدایت الرحمن کی گرفتاری قابل مذمت، فی الفور رہا کیا جائے،جاوید قصوری

340
مولانا ہدایت الرحمن کی گرفتاری قابل مذمت، فی الفور رہا کیا جائے،جاوید قصوری

لاہور : امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن کی گرفتاری کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

جاوید قصوری کا کہنا تھا  کہ حکومت گوادر کے مظلوم رہائشیوں کو ان کا آئینی و قانونی حق دینے اور کیے گئے وعدے پورے کرنے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، مولانا ہدایت الرحمن سمیت تمام گرفتار افراد کو فی الفور رہا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عاقبت نا اندیش فیصلوں اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کی بدولت ملک و قوم کے مسائل میں نہ صرف اضافہ کیا ہے بلکہ الٹا مسلسل ہٹ درھرمی اور بے حسی کا مظاہر ہ کیا جا رہا ہے۔حکمرانوں نے عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ ،دس کلو آٹے کی خاطر عوام کو در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبو ر کردیا گیاہے۔ ان ظالموں سے نجات حاصل نہ کی گئی تو حالات پہلے سے زیادہ ابتر ہوجائیںگے۔ 

جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ نواز دور حکومت میں گاڑیوں کی خریداری پر 146ارب روپے جبکہ عمران خان کے زیرا ستعمال ہیلی کاپٹر پر 43کروڑ 44لاکھ روپے خرچ کردیے گئے۔ اربوں روپے حکمرانوں کے اللوں تللوں اور شاہانہ پروٹوکول پر خرچ کیے جارہے ہیں۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی پر عیاشیاں کرنے اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ یہ سب چوروں کا ٹولہ ہے جو مل کر عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ 

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ ملک میں عام انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔ اس حوالے سے حکمران اور اپوزیشن دونوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔