کراچی: سلنڈر دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جھلس گئے

214

کراچی: نیو گولیمار پھول والی گلی میں سلنڈر دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں 3 بچے ایک مرد ایک خاتون شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمیوں میں 45 سالہ وسیم، 35 سالہ امبرین،10سالہ رباب،12سالہ سمیع اور 7سالہ ام حبیبہ شامل ہیں۔

بی ڈی یو نے دھماکے کے حوالے سے بتایا کہ گولیمار کے گھر میں دھماکاگیس کے اخراج سے ہوا، جھلس کر زخمی وسیم گھر کے باہر کھانے کا ٹھیہ لگاتا ہے۔وسیم گھر میں ہی کھانا تیار کر کے باہر فروخت کرتا تھا،رات گئے کھانا پکانے کے دوران گیس کی لوڈ شیڈنگ ہوئی، وسیم چولہا بند کیے بغیر سوگیا، صبح تک گھر میں گیس بھر چکی تھی،ماچس جلاتے ہی گھر میں دھماکاہوا۔

ذرائع کے مطابق ایک کمرے کے گھر میں کھڑکیاں ہونے سے نقصان زیادہ نہیں ہوا ،گیس کو کھڑکیوں سے اخراج کی جگہ نہ ملتی تو شدید نقصان ہوسکتا تھا۔