اچھا ہوگا پنجاب پولیس کو بلا کر کراچی میں انتخابات کروائے جائیں ، حافظ نعیم الرحمن

373

کراچی :جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پنجاب پولیس کو بلا کر انتخابات کروائے جائیں ، کراچی سے پولیس اسلام آباد احتجاج روکنے کے لیے بھیجی جا سکتا ہے تو پنجاب سے پولیس کراچی کیوں نہیں آسکتی ؟۔

دفتر جماعت ِ اسلامی کراچی ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما مسلسل بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کے بیانات دے رہے ہیں ان کے ان بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ یہ سب جمہوری نظام کے دشمن  ہیں،حال یہ ہے کہ محکمہ پولیس سے خط لکھوا کر الیکشن ملتوی کرنے کی بات کی گئی اور اب بھی کوشش کی جارہی ہے کہ کسی طرح انتخابات ملتوی کرادیئے جائیں ،مگر وہ یہ بات اچھی طرح سمجھ لیں کہ عوام انتخابات کا التوا قبول نہیں کریں گے،کسی بھی صورت میں بلدیاتی انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہییں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج الیکشن کمیشن میں بلدیاتی انتحابات کے حوالے سے فیصلہ ہونا ہے، عوام کے پاس مزید پیسے نہیں کہ وہ انتحابات کی مہم نئے سرے سے شروع کریں،عوام میں اس وقت انتحابات کے حوالے سے بے چینی ہے اور ان کی بے چینی دور ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت بلدیاتی  انتخابات نہیں کروانا چاہتی،پختونخوا سمیت پنجاب میں بھی بلدیاتی  انتخابات تاخیر کا شکار ہوتے ہیں،المیہ یہ ہے کہ جمہوریت کے دعویداراختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے پر کسی بھی طور آمادہ نہیں وہ عام آدمی کے اوپر آنے سے خوفزدہ رہتے ہیں،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلدیاتی الیکشن سے راہ فرار اختیار کی ہے، اور اب وہ سیلاب کو بہانہ بنا کر انتخابات ملتوی کرانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمیشن کو چاہیے تھا کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کو میٹنگ میں مدعو کرتے، شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہیں،پی ٹی آئی بھی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ابہام کا شکار ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارے خط کے بعد الیکشن کمیشن پاکستان میں دو رکنی بینچ بنا تھا،پسند کے لوگوں کو اگر بلایا جائیگا تو وہ سندھ حکومت کی ہی بات کرینگے،الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو اب تک خط کیوں نہیں لکھا؟

انہوں نے مزید کہا کہ کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ بنادیاگیا ہے ،گورنر کی تعیناتی کے حوالے سے ایم کیو ایم تقسیم کا شکار ہے، ایم کیو ایم کو حکومت میں اپنا حصہ مل رہا ہے ،ایم کیو ایم انتحابات میں زوال پزیر ہوتی جارہی ہے،ٹیسوری کی تقرری کے بعد لوگوں کو سوچنا چاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی ادارے کے خلاف محاز آرائی نہیں کرنا چاہتے،ادارے محض بیانات دیکر پوزیشن کو واضح نہیں کرسکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے آج کراچی کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں ،جہانگیر روڈ تیسری مرتبہ بنائی گئی لیکن تین دن بعدہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوتا جارہا ہے،کل گلشن معمار میں 2 بھائیوں کو گولیاں ماری گئیں،ڈاکو پکڑے جاتے ہیں لیکن رہائی کے بعد مزید تگڑے ہوکر چوری شروع کردیتے ہیں،پولیس کے نظام کی وجہ سے شہری مقدمات درج نہیں کراتے۔