لوڈشیڈنگ سے تنگ شہریوں نے کے الیکٹرک کے دفتر پر دھاوا بول دیا

411
Load shedding

کراچی: بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ شہریوں نے کے الیکٹرک کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔پولیس کے مطابق سرجانی ٹان میں واقع کے الیکٹرک کے دفتر میں مشتعل شہری داخل ہوگئے، توڑ پھوڑ کی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر مشتعل شہریوں کو منتشر کیا اور صورت حال پر قابو پایا، بعد ازاں شہریوں نے احتجاج ختم کردیا۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ دفاترکو نشانہ بنانے کی سختی سے مذمت کرتے ہیں، بجلی کی قیمتوں پر حکومتی وریگولیٹری کے احکامات پر عمل درآمد کے پابند ہیں، حکومت کے اعلان کے مطابق ایف سی اے ریلیف مطلوبہ صارفین تک پہنچا رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کسٹمر کیئر سینٹرز کے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا ہے،کسٹمر کیئر سینٹرز جمعہ ،ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ کے  الیکٹرک نے بجلی کے فی یونٹ میں اضافہ کیا ہے جبکہ بجلی کی فراہمی کے بجائے لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ کیاہے، جس کی وجہ سے عوام میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔