اینڈرائیڈ صارفین کی بڑی تعداد ایپل کے آئی فون پر منتقل ہونے لگی

705

کیلی فورنیا: ایک جانب جب دنیا میں جاری معاشی بحران، مہنگائی کے طوفان اور دیگر کئی وجوہات کی بنا پر اسمارٹ فونز کی فروخت شدید متاثر ہوئی ہے، وہیں حیرت کی بات یہ ہے کہ اینڈرائیڈ پلیٹ فارم استعمال کرنے والے صارفین ایپل کے آئی فون کی طرف منتقل ہونے کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق رواں برس اپریل سے جون کے دوران ایپل کی آمدن 83 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے تناسب سے 2 فی صد زیادہ ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی سہ ماہی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ تین ماہ کے دوران کمپنی نے آمدن اور آئی فون پر منتقل ہونے والے افراد کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

واضح رہے کہ ایپل نے اپنی رپورٹ میں لفظ سوئچر کا استعمال کیا ہے، جس کا واضح مطلب کسی دوسرے پلیٹ فارم سے آئی فون پر منتقل ہونا سمجھا جاتا ہے جب کہ مارکیٹ میں اینڈرائیڈ کے سوا دوسرا کوئی اور پلیٹ فارم ایسا موجود نہیں، جس کے صارفین آئی فون پر منتقل ہوئے ہوں۔