انٹرمیڈیٹ امتحانات: ممکنہ بارشوں کے پیش نظر شیڈول میں نظر ثانی کا عندیہ

537
فائل فوٹو

کراچی:اعلی ثانو ی تعلیمی بورڈ کراچی نے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے جاری امتحانات کے دوران شہر میں ممکنہ تیزبارشوں کے پیش نظر امتحانی شیڈول میں نظر ثانی کا عندیہ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات انو ر علیم خانزادہ نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی کراچی میں تیزبارش کی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے امتحانی شیڈول پر نظر ثانی کر سکتے ہیں تاہم امتحانی شیڈول میں ممکنہ تبدیلی چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی مشاورت سے مشروط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ موسمیات کے الرٹ پر نظر رکھے ہوئے ہیں اگر کراچی میں تیز بارشوں کاختم نہ ہونے والا سلسلہ شروع ہوتا ہے تب چیئرمین بورڈ کی مشاورت سے امتحانی شیڈول پر نظر ثانی کر یں گے تاکہ طلبا و طالبات کو دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے امتحانی مراکز کے نگراں کو بھی ہدایت کی کہ وہ دوران امتحان بارش کے پانی سے بچاؤ کیلئے ممکنہ اقدامات کریں، نقل مافیا کی حوصلہ شکنی کیلئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کا لائیں گے۔امتحانی مراکزپر شفاف امتحانات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں نقل میں ملوث مافیا سے سختی کیساتھ نمٹا جائے گا۔