قیامت سے پہلے

784

حصہ اول
قیامت کا قائم ہونا حق ہے اور اس کا قطعی علم اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔ کتُبِ حدیث میں ’’بَابُ الْفِتَن‘‘ اور ’’اَشْرَاط السَّاعَۃ‘‘ کے عنوان کے تحت محدّثینِ کرام نے ایسی احادیث درج کی ہیں، جنہیں ایسی علاماتِ قیامت قرار دیا گیا ہے، جن کا ظہور قیامت سے پہلے ہوگا، خواہ ایک ایک کر کے ہی کیوں نہ ہو اور ظاہر ہے کہ قیامت سے پہلے یہ سب علامتیں جمع ہو جائیں گی، کچھ علاماتِ قیامت کا تعلق تکوینی امور سے ہے: یعنی نظامِ کائنات کا درہم برہم ہوجانا، سورج کی بساطِ نورکا لپیٹ دیا جانا، ستاروں کا بکھر جانا، پہاڑوں کا دھنکی ہوئی روئی کے بگولوں کی طرح اڑنا، ہر ذی حیات کا فنا ہوجانا اور اس مُدوَّر (Rounded) زمین کا ہموار اور مُسَطح (Flat) میدان کی طرح ہوجانا اور پھر میزانِ عدل قائم ہونا۔
قیامت سے پہلے ان احادیثِ مبارَکہ کا قطعی مصداق تو ہم کسی ایک چیز یا عنوان کو نہیں ٹھیرا سکتے، لیکن جب ہم اپنے گردو پیش پر نظر ڈالتے ہیں، تو بہت سے حقائق وواقعات ایسے ہیں جو قیامت کا منظر پیش کرتے ہیں اور یہ قیامت خیز منظر ہمارا اپنا پیدا کیا ہوا ہے۔ پس حقیقی قیامت تو اللہ تعالیٰ کی تقدیر کے مطابق جب آنی ہے، یقینا آئے گی۔ لیکن ہم نے اپنی انفرادی اور اجتماعی بداعمالیوں، بے تدبیریوں اور خدا فراموشی کے سبب قیامت برپا کر رکھی ہے۔ بعض احادیثِ مبارَکہ ہمارے حالات پر پوری طرح منطبق ہوتی ہیں، لہٰذا ان کا بغور مطالعہ کیجیے اور عبرت حاصل کیجیے اور اگر ہوسکے تو ان حالات سے نجات کے لیے کوئی حکمتِ عملی مرتب کیجیے یا کوئی تدبیر کیجیے۔ ذیل میں تنبیہ اور عبرت کے لیے چند احادیثِ مبارَکہ درج کی جارہی ہیں:
رسول اللہؐ سے ایک اَعرابی نے پوچھا قیامت کب آئے گی، آپؐ نے فرمایا: ’’جب امانت ضائع کردی جائے تو قیامت کا انتظار کرو، پھر سوال ہوا: یا رسول اللہ! امانت کیسے ضائع ہوتی ہے، آپؐ نے فرمایا: جب مسلمانوں کے (ملکی اور ملّی) امور کا اختیار نااہلوں کے سپرد ہوجائے تو قیامت کا انتظار کرو‘‘۔ (بخاری) آپؐ نے فرمایا: ’’جب تم میں سے بہترین لوگ تمہارے حکمران ہوں اور تمہارے اجتماعی معاملات باہمی مشاورت سے طے ہوں تو تمہارا زمین کے اوپر رہنا زمین کے نیچے چلے جانے سے بہتر ہے (یعنی تمہارے لیے زندگی میں خیر ہوگی) اور جب تم میں سے بدتر لوگ تمہارے حکمران بن جائیں، تمہارے مال دار بخیل ہوجائیں اور معاملات کی باگ ڈور عورتوں کے ہاتھ میں چلی جائے تو تمہارا زمین کے اندر چلے جانا زمین کے اوپر رہنے سے بہتر ہے‘‘، (سنن ترمذی) یعنی پھر زندگی میں خیر نہیں ہے۔
رسول اللہؐ نے فرمایا: جب قومی خزانے کو ذاتی دولت بنا لیا جائے، قومی امانتوں کو غنیمت سمجھ کے لوٹا جانے لگے اور زکوٰۃ کو تاوان سمجھ کر دینے سے انکار کردیا جائے، دین کا علم دنیا سنوارنے کے لیے حاصل کیا جائے، ایک شخص اپنی بیوی کا فرمانبردار اور ماں کا نافرمان ہوجائے، ایک شخص اپنے دوست کو قریب کرے اور باپ کو دور رکھے، مسجدوں میں آوازیں بلند ہونے لگیں (یعنی جھگڑے ہوں)، بدکار شخص قبیلے کا سردار بن جائے، قوم کی زمامِ اقتدار کمینوں کے ہاتھ میں آجائے اور (معاشرے میں) کسی شخص کی عزت (اس کے علم، کردار یا شرافت کی بنا پر نہیں بلکہ) اس کے شر سے بچنے کے لیے کی جائے، شراب نوشی عام ہوجائے، گانا گانے والیاں اور آلاتِ غِنا عام ہوجائیں اور اس امت کے پچھلے اپنے پہلوں پر لعن طعن کریں، تو پھر تم اس وقت کا انتظار کرو جب سرخ ہوائیں چلیں گی، زلزلے آئیں گے، زمین میں دھنسا دیے جائو گے، صورتیں بگاڑی جائیں گی اور پتھر برسائے جائیں گے اور قیامت کی نشانیوں کا اس طرح پے درپے ظہور ہوگا، جیسے ایک تسبیح کی لڑی کے ٹوٹ جانے سے اس کے دانے ایک ایک کر کے گرتے ہیں‘‘۔ (ترمذی) صورتوں کے مسخ ہونے کی ایک شکل تو وہ ہے جیسے بنی اسرائیل کو ان کی مسلسل سرکشی اور نافرمانیوں کی وجہ سے بندر اور خنزیر بنا دیا گیا تھا اور ایک صورت یہ ہے کہ اقوامِ عالَم کے درمیان بے توقیر ہوجاؤ اور تمہارے لیے کوئی مقامِ افتخار باقی نہ رہے، شاعرنے کہا ہے:
ایک ہم ہیں کہ لیا اپنی ہی صورت کو بگاڑ
ایک وہ ہیں جنہیں تصویر بنا آتی ہے
ہمارے لیے مقامِ غور ہے کہ کیا آج ہمارے معاشرے میں کردار، دیانت، شرافت، امانت، علم اور تقویٰ عزت وافتخار کا باعث ہے یا حدیثِ پاک کی رو سے دہشت، ضرر رسانی اور دوسروں کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت باعثِ تکریم ہے۔
ایک حدیث میں آپؐ نے فرمایا: ’’جس قوم میں خیانت غالب آجائے تو اللہ تعالیٰ اس کے دلوں میں دشمن کا رعب ڈال دیتا ہے اور جو قوم ناپ تول میں کمی کرے، اس کے رزق میں تنگی آجاتی ہے اور جو قوم حق کے خلاف فیصلے کرے تو اس میں خون ریزی عام ہوجاتی ہے اور جو قوم عہد شکنی کرے تو اس پر دشمن غالب آجاتا ہے‘‘۔ (مؤطا امام مالک) آپؐ نے فرمایا: ’’بے شک اللہ عام لوگوں کو کسی خاص شخص (یا طبقے) کی بدعملی کی سزا نہیں دیتا، مگر جب (حالات یہاں تک پہنچ جائیں کہ) لوگ اپنے درمیان برائیوں کو پھلتا پھولتا دیکھیں اور ان کو روکنے کی اجتماعی قدرت رکھنے کے باوجود نہ روکیں (اورجب اجتماعی بے حسی اور لاتعلقی اس درجے تک پہنچ جائے) تو پھر خواص کی بد اعمالیوں کی سزا عوام کو بھی ملتی ہے‘‘۔ (مسند احمد)
رسول اللہؐ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ جبریلؑ کو حکم فرماتا ہے: فلاں بستی کو اس کے رہنے والوں سمیت الٹ دو، جبرئیل امین عرض کرتے ہیں: اے پروردگار! اس بستی میں تیرا فلاں (انتہائی متقی) بندہ ہے، جس نے کبھی پلک جھپکنے کی مقدار بھی تیری نافرمانی نہیں کی (اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟)، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اُس سمیت اِس بستی کو الٹ دو، کیونکہ میری ذات کی خاطر اس کا چہرہ کبھی بھی غضب ناک نہیں ہوا‘‘۔ (شعب الایمان) حدیث مبارک کا مطلب یہ ہے کہ اس کے سامنے دین ِ اسلام کی حدود پامال ہوتی رہیں، مُنکَرات کا چلن عام ہوتا رہا، لیکن ان برائیوں کو روکنے کی عملی کاوش تو دور کی بات ہے، حدودِ الٰہی اور دینی اقدار کی پامالی پر اس کی جبین کبھی شکن آلود نہیں ہوئی، صرف اپنی عبادت، ذکر اذکار اور تسبیحات ودرود میں مشغول رہا، یعنی اپنے حال میں مست رہا، برائیوں کو مٹانے کے حوالے سے اور معاشرے کی اصلاح کے حوالے سے ایک مسلمان پر جو ذمے داریاں عائد ہوتی ہیں ان کو ادا کرنے سے قطعی طور پر غافل اور لاتعلق رہا۔ نبیؐ نے فرمایا: ’’اس ذات کی قسم جس کے قبضہ وقدرت میں میری جان ہے، لوگوں پر ایک زمانہ ایساآئے گا کہ (قتل وغارت عام ہوجائے گی مگر) نہ قاتل کو معلوم ہوگا کہ وہ مقتول کو کس جرم میں قتل کررہا ہے اور نہ مقتول کو معلوم ہوگا کہ اسے کس جرم میں قتل کیا جارہا ہے‘‘۔ (مسلم)
رسول اللہؐ نے فرمایا: ’’جب دو مسلمان تلواریں لیے آپس میں لڑپڑیں، تو قاتل اور مقتول (دونوں) جہنمی ہیں، عرض کیا گیا: یارسول اللہ! قاتل کا قصور تو معلوم ہے، لیکن مقتول کا کیا قصور ہے، آپؐ نے فرمایا: وہ (بھی) اپنے مقابل کو قتل کرنے کا شدت سے آرزو مند تھا‘‘۔ (بخاری) حدیث کا منشا یہ ہے کہ جب دو مسلمان آپس میں لڑ پڑیں اور دونوں ہی ایک دوسرے کی جان لینے کے درپے ہوں، تو ظاہر ہے کہ کامیابی تو اُن میں سے ایک کوملے گی اور دوسرا مارا جائے گا، مگر چونکہ ارادۂ قتل کے عزمِ صمیم میں دونوں برابر ہیں، لہٰذا دونوں جہنم کے حقدار ہوں گے، یقینا قاتل کی سزا مقتول سے زیادہ ہوگی، لیکن مقتول بھی سزا سے بچ نہیں سکے گا۔ سو مقتول جو کسی ظالم حملہ آور، ڈاکو یا لوٹ مار کرنے والوں یا عصمت دری کرنے والوں سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان، مال یا آبرو کے تحفظ میں ظلماً مارا جائے، حدیثِ پاک کی رو سے اسے شہید کا درجہ ملے گا۔
’’نبی کریمؐ نے فرمایا: جو اپنے مال کی حفاظت میں مارا گیا، وہ شہید ہے اور جو اپنے دین کی حفاظت میں مارا گیا، وہ شہید ہے اور جو اپنی جان کی حفاظت میں مارا گیا، وہ شہید ہے اور جو اپنے اہل کی حفاظت میں مارا گیا، وہ بھی شہید ہے‘‘۔ (سنن ترمذی) یعنی انہیں بھی شہادت کا درجہ ملے گا۔
رسول اللہؐ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ کی حدود میں مُداہنت (یعنی بے جارعایت) کرنے والا یا محرماتِ شرعیہ کے بارے میں حدودِ الٰہی کو پامال کرنے والے کی مثال اس قوم کی سی ہے، جو ایک کشی میں سوار ہوئے، بعض نچلی منزل پر چلے گئے اور بعض بالائی منزل پر چلے گئے، تو جو نچلی منزل پر تھا، اس نے اوپر والوں سے پانی مانگا، انہوں نے اسے تکلیف پہنچائی اور پانی دینے سے انکار کردیا، تو اس نے کلہاڑا لیا اور (دریا کا) پانی حاصل کرنے کے لیے کشتی میں سوراخ کرنے لگا، تو اوپر والے آئے اور اس سے کہا: یہ کیا کررہے ہو، اس نے کہا: تم نے مجھے (پانی نہ دے کر) تکلیف پہنچائی ہے اور مجھے پانی کی ضرورت ہے، تو اگر انہوں نے (اس کی تکلیف) کا ازالہ کرکے اس کے ہاتھ روک لیے تو اسے اور اپنے آپ کو ڈوبنے سے بچالیں گے، لیکن اگر وہ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہے اور اسے اس کے حال پر چھوڑ دیا، تواس سمیت سبھی ہلاک ہوجائیں گے‘‘۔ (بخاری) اس حدیث کا منشاء ومُدَّعایہ ہے کہ جب معاشرہ ایک سرکش طبقے کے ہاتھوں تخریب کاری، دہشت گردی، قتل وغارت، فساد اور بدامنی کا شکار ہوجائے اور معاشرے کی نظمِ اجتماعی (موجودہ حالات میں ریاست وحکومت) ان کو ظلم وفساد سے نہ روکیں، ان کی سرکوبی نہ کریں اور معاشرے کو ان سے امان نہ دیں، تو انجامِ کار ہلاکت وبربادی سب کا مقدر ہوگی۔
(جاری ہے)