عمران خان ملک سے فرار ہونا چاہتے ہیں، مریم اورنگزیب

225

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ملک سے فرار ہونا چاہتے ہیں کسی چور اور ڈاکو کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

آئی ایس آئی اور آئی بی نے تصدیق کی ہے کہ امریکی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا، امریکی مراسلہ عام ہوسکتا ہے تو فارن فنڈنگ کی دستاویزات بھی منظر عام پر لائی جاسکتی ہیں ۔عمران خان سازش کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ نئی قانون سازی کا جائزہ نہیں لیا گیا سابقہ حکومت کی معاشی دہشتگردی کا مداوا ضروری ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کی شام پاک چین فرینڈسنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ عمران خان کو پارلیمنٹ اٹھا کر باہر پھینک چکی ہے اسلام آباد کی کال نہ دیں دھرنے کی مشقت نہ اٹھائیں قوم جلد ان سے جواب لے گی۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ امریکی مداخلت کا کپتان کو پیشگی علم ہوگیا تھا تو اس وقت اسمبلی تحلیل کیوں نہیں کی ۔ بائیس تیئس مارچ کو عمران خان نے پاک امریکہ مراسم کی نہ صرف تعریف کی بلکہ امریکہ کے خصوصی نمائندے کو او ائی سی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی اور عمران خان خصوصی نمائندے کے سامنے بچھے جارہے تھے سولہ مارچ کو حکومت کے خواتین کے حوالے سے پروگرام میں خصوصی طور پر امریکی سفارتکار کو دعوت دی گئی عمران خان کا دماغ ماو ف ہوچکا ہے یہ نااہل چور ناکام ملک وقوم کا وقت ضائع کررہا ہے۔ عوام کو اس کے جلسوں سے تفریح مل رہی ہے اور ان جلسوں کو کنسرٹ کے طور پر لیا جارہا ہے ، مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران خان جھوٹا ہے ، بے ضمیر منافق ہے ، معیشت کے حوالے سے بھی قوم کے ساتھ غلط بیانی کی گئی۔

عمران خان عوام کو بے وقوف اور پاگل نہ سمجھیں آئی ایس آئی اور آئی بی نے تصدیق کی ہے کہ امریکی مراسلے میں سازش کا شبہ بھی نہیں تھا ، عمران خان اس بات کا جواب دیں کہ جب کہا تھا کہ مودی کے آنے سے کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا کیا عمران خان نے بھارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی ، تم مودی کی انتخابی مہم میں شامل تھے اور اب جبکہ تحریک انصاف کی 70لاکھ کی منی لانڈرنگ کے خلاف فیصلہ آنے والا ہے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دے رہا ہے ثابت ہوگیا ہے کہ غیر ملکیوں سے تحریک انصاف نے امداد لی ، اسٹیٹ بینک کی دستاویز ات میں یہ ثابت ہوچکا ہے۔

امریکی مراسلہ عام ہوسکتا ہے تو یہ دستاویزات بھی منظر عام پر آسکتی ہیں ، عمران خان جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتا ، اپنے بدبودار کردار سے کسی کو مرعوب نہیں کرسکتا ۔ پنجاب میں تقرریوں اور تبادلوں کےلئے بھاری رشوت لینے والوں کا احتساب کیاجائے گا ، پٹواری اور ریڑھی بانوں کو فرنٹ میں رکھا گیا تھا۔ فرح گجر اور شہزاد اکبر جیسے فرنٹ مین ڈاکے مار کرفرار ہوگئے ۔ اب عمران خان بھی فرار ہونا چاہتے ہیں۔ کسی ڈاکو اور چور کو بھاگنے نہیں دینگے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے نئی قانون سازی کا فیصلہ نہیں ہوا مفتاح اسماعیل امریکہ میں ہیں ان کی واپسی پر صورتحال واضح ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جاتے جاتے غلاظت اور گند چھوڑ گئے ہیں یہ اب ان کے چہرے پر جائے گی۔ دھرنا عمران خان کی قسمت میں ہے قوم ذہنی مریض کو پہچان چکی ہے اور کوئی عمران خان کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا اس نے پاکستان کے بیت المال پر ڈاکا ڈالا اور یہ معاملہ اس کا تعاقب کرتا رہے گا ۔ عدم اعتماد کے حوالے سے نواز شریف کا نام لے کر عمران خان نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے خلاف عدم اعتماد کا منصوبہ نواز شریف نے بنایا یہ نواز شریف کے بیانیے کی جیت ہے