حکومت پاکستان ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کیلئے فوری اقدامات کرے

315
حکومت پاکستان ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کیلئے فوری اقدامات کرے

کراچی: پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے عالمی سطح پر جاری مہم کے سلسلے میں گذشتہ روز ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز نے مانچسٹر، برطانیہ میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا جبکہ 19مارچ کو امریکہ میں مقیم ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ریلی کا انعقاد کریں گے۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل کو برطانوی شہر مانچسٹر سے ملنے والی اطلاعات ، تصاویر اور ویڈیوز کے مطابق گلوبل عافیہ موومنٹ کے اراکین نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے پاکستانی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کرکے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے فوری اقدامات کرے۔ مظاہرین نے مانچسٹر کی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر مظاہرے میں شریک خواتین نے پاکستانی قونصلیٹ کے جنگلے (Railing) کے ساتھ بینرز اور 19 سال مکمل ہونے کی عکاسی کے طور پر 19سنہری رنگ کے غبارے لٹکائے۔

احتجاج میں شریک خواتین نے میگافون پر تقاریر کرکے ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں سے برطانیہ کے شہریوں کو آگاہ بھی کیا ۔ برطانیہ میں مقیم ڈاکٹر عافیہ کی سرگرم کارکن زینا نے کہا کہ عافیہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو اجاگر کرنے کیلئے مارچ بہت اہم مہینہ ہے کیونکہ 2 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ پیدا ہوئی،30 مارچ کووہ تین کمسن بچوں سمیت اغوا کی گئی اور 8 مارچ خواتین کا عالمی دن ہے جبکہ پاکستانی 23مارچ کو پاکستان ڈے مناتے ہیں اس لئے ہمیں اس کیس سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے یہ پروگرام منعقد کرنا پڑا۔

آج کے اس احتجاج میں اپوا اور پاکستان پریس کلب کی خواتین کی شرکت سے تبدیلی کی ہوا محسوس ہوئی ہے جبکہ احتجاج میں شریک تقریباً تمام بہنیں میگا فون پر”فری فری عافیہ“کے نعرے لگا رہی تھیں۔