بجلی و پٹرول کی قیمت میں کمی عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے،ایپکا 

325
بجلی و پٹرول کی قیمت میں کمی عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے،ایپکا 

فیصل آباد: آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدرچوہدری ذوالفقارعلی کاہلوں ،جنرل سیکرٹری چوہدری شہبازچٹھہ چیئرمین یاسرخورشیدرانا،سرپرست امجدحسین رندھاوا،سینئرنائب صدرو میاں مقصوداحمد،صداقت علی بلوچ،محمدعرفان خاںنے اپنے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں صبح 6روپے فی یونٹ بڑھا کر شام کو 5روپے کم اور پیٹرول چند دن قبل12روپے فی لیٹر بڑھا کر 10روپے کم کرنا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔

بجلی کی قیمت میں 5روپے حکومتی ریلیف صرف ان صارفین کو ملے گا جو 700یونٹ تک استعمال کرتے ہیں۔ وزیر اعظم عوام کے ساتھ ریلیف کے نام پر ہیر پھیر کررہے ہیں۔ 22کروڑ عوام ان کے سارے منفی حربے جانتے ہیں۔ حکومت نے سرکاری ملازمین اورعام آدمی کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کردیا ہے۔

چوہدری ذوالفقارعلی کاہلوں نے کہا کہ نا اہل اور جھوٹوں کا ٹولہ ملک و قوم پر مسلط ہے۔ ان سے ریلیف کی توقع نہیں۔ ایل پی جی 27روپے فی کلو اضافے سے گھریلو سلنڈر 2759روپے اور کمرشل سلنڈر 10613روپے تک مہنگا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا قوم سے خطاب الفاظ کے ہیرا پھیری کے سوا کچھ نہیں۔ تبدیلی سرکار نے عوام کو بری طرح مایوس کیا ہے۔ حکومت کی جب تک معاشی پالیسیوں میں آئی ایم ایف کی مداخلت رہے گی تب تک ملک خود مختار ہوسکتا ہے اور نہ خوشحالی و ترقی کے دعوے پورے ہوسکتے ہیں۔

ایپکا رہنمائوںنے پاکستان اسٹیل مل کی 2ہزار ایکڑ اراضی کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پچاس ارب روپے سے اسٹیل مل بحال کرنے کے بجائے 523ارب روپے کا خسارے برداشت کیا ہے۔ 5500ملازمین کی جبری بر طرفی کے باوجود بغیر کسی اشتہار اور میرٹ کے 60سال سے زائد العمر، مطلوبہ تعلیمی قابلیت اور تجربہ نہ رکھنے والوں کو بھرتی کرنا اقربا پروری کی بد ترین مثال ہے۔ حکمرانوں نے اپنی نااہلی اور ناتجربہ کاری سے تمام اداروں کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے۔