عالمی برادری بھارت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ، تحریک خواتین کشمیر

342

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تحریک خواتین کشمیرنے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں کی حق پر مبنی جاری جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک خواتین کشمیرکی سربراہ زمرودہ حبیب اور جنرل سیکرٹری شمیم شال نے ایک مشترکہ بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں،فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سخت نوٹس لے۔ انہوں نے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف متحد ہو کر اپنی آواز بلند کریں۔انہوں نے بھارت کی طرف سے محکمہ بجلی کی نجکاری اور زرعی اراضی کو غیر زرعی مقاصد کیلئے استعمال کی اجازت دینے سے متعلق نئے اراضی قوانین کی منظوری پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اقداما ت بھارت کی کشمیر دشمن پالیسی کا حصہ ہیںجن کا مقصدجموں وکشمیر کی معیشت کو کمزور کرنا اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنا ہے جو کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔زمرودہ حبیب اور شمیم شال نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور او آئی سی پر زور دیا کہ وہ بھارت کو جموںوکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکیں اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کرداراداکریں۔