عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے، مشیر وزیراعظم آزادکشمیر

234

مشیر وزیراعظم آزادکشمیر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ وسول ڈیفنس چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں۔

عمران خان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مقدمہ کشمیر کو جاندار انداز میں پیش کیا۔عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ خطے میں امن کی خاطر مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے بھارت پر دباو ڈالے۔وزیراعظم عمران خان کی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے واضح پالیسی ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نہتے شہریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔جعلی مقابلے، تشدد، نام نہاد محاصرے اور  تلاشی آپریشن نے کشمیری عوام کا عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کو عمران خان پر مکمل اعتماد ہے اور ہم ان کی پالیسیوں سے متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی فسطائی حکومت ملٹری وار فیر اور نوآبادیاتی پالیسی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں تا کہ مقبوضہ کشمیر میں کسی بڑے انسانی المیے سے بچا جا سکے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کریں گے.انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے سات دہائیوں کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں۔بھارت تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے کو کم نہیں کر سکا۔