بی جے پی کشمیری پنڈتوں کے درد کو ہتھیار بنا کر تقسیم کی سیاست کو آگے بڑھا رہی ہے: محبوبہ مفتی

242

غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی ووٹ حاصل کرنے کے لیے کشمیری پنڈتوں کو درپیش مشکلات کو ہتھیار بنا کر اپنی تقسیم کی سیاست کو آگے بڑھا رہی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے جموں میں اپنی پارٹی کے مرکزی دفتر پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو اپنے پنڈت بھائیوں کی باوقار واپسی کے لئے مزید محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے منسلک کچھ افرادجو دہلی کے سٹوڈیو میں بیٹھے ہیں اور پنڈتوں کی نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہیں، زہراگل رہے ہیں اور وادی کے پنڈتوں اور مسلمانوں کے درمیان کسی بھی مفاہمت کو سبوتاڑ کر رہے ہیں۔

کشمیری پنڈت اتنے عرصے سے اپنے گھروں سے باہر ہیں اور واپس آنا چاہتے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ آگے کیسے بڑھا جائے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی جس طرح سے اس مسئلے سے نمٹ رہی ہے، اس سے پنڈت اور مسلمان ایک ساتھ چلنے کے بجائے ان کے درمیان مزید تقسیم پیدا ہو گی۔کشمیری پنڈتوں سمیت پانچ وفود نے محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اور انہیں وادی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے پس منظر میں درپیش مسائل اور خدشات سے آگاہ کیا۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ دہلی میں بیٹھے کشمیری پنڈتوں کے نام نہاد نمائندوںکے زہریلے بیانات سے کشمیر میں ردعمل پیدا ہوتا ہے اور جموں میں بھی اس کا ردعمل آتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ یہ ہے کہ جو آوازیں کشمیری پنڈتوں کی نمائندگی کرنے کی کوشش کر رہی ہیں وہ پورے ماحول کو خراب کر کے ان کا بہت بڑا نقصان کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام لوگ نہ صرف نظریاتی طورپر بلکہ دوسری صورت میں بھی بی جے پی سے جڑے ہوئے ہیں۔ان کے سیاسی اور مالی مفادات بی جے پی کے ساتھ وابستہ ہیں۔ اس لیے وہ بی جے پی کا بیانیہ آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔