سوڈان میں فوجی بغاوت پر امریکا کا ردعمل

355

امریکانے سوڈان میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں وزیراعظم کی نظربندی اور وزراء کی گرفتاری پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔

افریقی ملک سوڈان میں فوجی بغاوت پر امریکا نے ردعمل کا اظہار کیا ہے، امریکی نمائندہ خصوصی جیفری فیلٹ مین کا کہنا ہے کہ فوجی بغاوت سوڈانی آئین میں مداخلت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ فوجی بغاوت سوڈان کی مالی امداد میں رکاوٹ بن سکتی ہے   ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈان کی وزارت اطلاعات نے فوج کی جانب سے وزیراعظم عبداللہ حمدوک کو نظر بند کرکے نامعلوم مقام پر رکھے جانے کی تصدیق کی ہے، تاہم فوج کی طرف سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم پر بغاوت کی حمایت کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا لیکن انہوں نے انکار کردیا جس پر انہیں نظر بند کردیا گیا ہے، وزیراعظم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بغاوت کیخلاف پرامن احتجاج کریں۔