پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے تحت سفارتخانے کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ

242

پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے زیراہتمام اورسفارتخانہ ریاض کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام امراض کے ماہرین نے مریضوں کا بلا معاوضہ معاینہ کرنے کے ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کیں۔ ماہرینِ امراض کے علاوہ کیمپ میں  آرتھو پیڈک، نیورو اور جنرل سرجن بھی موجود تھے جبکہ الٹرا ساؤنڈ ، ای سی جی اور لیب ٹیسٹ کی بھی سہولیات مفت دستیاب تھیں۔ عابد شمعون کی رپورٹ کے مطابق سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سے مریضوں کو لانے اور لے جانے کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ مریضوں نے گوگل لنک کے ذریعے رجسٹریشن کروائی۔ اس موقع پر کورونا سے بچاؤ کے لیے متعلقہ احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنایا گیا تھا۔
سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث ڈھائی سال کے بعد یہ میڈیکل کیمپ دوبارہ لگایا گیا ہے، جس میں پاکستانی کمیونٹی ، رضاکاروں اور صحافیوں سمیت دیگر نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز گروپ کی یہ بے لوث کاوش قابل ستائش ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہماری کوشش ہوگی کہ دمام اور قصیم سمیت دیگر شہروں میں بھی اس طرح کے کیمپوں کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے طبی عملے سمیت دیگر حصہ لینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پاکستان ڈاکٹر گروپ کے صدر ڈاکٹر اسد رومی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی خدمت ہی ہمارا حقیقی مشن ہے۔ جلد ہی دیگر شہروں میں بھی فری میڈیکل کیمپ لگائیں گے تاکہ کمیونٹی کے بے روزگار اور ہیلتھ انشورنس نہ رکھنے والے افراد کا بہتر طریقے سے علاج ہو سکے۔ ڈاکٹرز گروپ کی جانب سے کیمپ کے کامیاب انعقاد پرسفیرپاکستان بلال اکبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی بہترین خدمات پر شیلڈ پیش کی گئی۔