قومی یکجہتی فورم کے تحت تعزیتی اجلاس

197

جدہ میں قومی یکجہتی فورم کے زیراہتمام فورم کے کنونیئر سردارمحمد اقبال یوسف کی صدارت میں محسن پاکستان، عظیم سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و صدر سردار سکندرحیات خان کی وفات پرتعزیتی اجلاس منعقد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی محمد عامل عثمانی تھے۔
اجلاس سے مہمانانِ اعزازی اور کمیونٹی رہنما ملک منظور حسین، شعیب الطاف، فخرعدنان، چودھری خالد رشید، نوشیروان خٹک، چودھری بلو شیر وڑایچ، چودھری خورشید احمد متیال، ملک شمس الدین الطاف، راجہ شمروز، سردارمحمد اشفاق، چودھری محمد اسلم، مہتاب عباسی، راجا ضیاالحق، بشارت علی، جمشید جمی، شہاب بھٹہ، امیرمحمد خان، خالد نواز چیمہ، محمد عدیل، طارق ندیم، احمد فواد، شہزاد چشتی، ملک عاصم اعوان، حسان خان اور دیگر نے اپنےخیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخصیات کی وفات پاکستان کے لیے بڑا نقصان ہے۔ ان کی شاندار خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
مہمان خصوصی محمد عامل عثمانی نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سردارمحمد اقبال یوسف نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیرخان پاکستان کے ساتھ انتہائی مخلص تھے۔ انہوں نے وطن عزیز کو ناقابل تسخیر بنانے میں بہترین اور مثالی کردار ادا کیا۔ سردارسکندر حیات ایک تاریخ ساز شخصیت تھے۔ آزادی کشمیر اور کشمیری عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کی بے شمار خدمات ہیں۔ آخر پر مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ تقریب میں نظامت کے فرائض میاں محی الدین الدین نے ادا کیے۔