یوم الوطنی پر قونصل جنرل پاکستان کی جانب سے استقبالیہ

421

جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے سعودی عرب کے 91 ویں قومی دن کے موقع پر مملکت سے محبت اور یکجہتی کے اظہار کے لیے اپنی رہائش گاہ پر ایک پُرتکلف عشایئے کا اہتمام کیا، اس موقع پر شہزادی الجوہرہ الصالح اور چیف آف رائل پروٹوکول مکہ مکرمہ ریجن احمد اے بن ظفرمہمانان خصوصی تھے۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں قونصل جنرل نےپاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اورسعودی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات کو اجاگربھی کیا جو دونوں ملکوں کے درمیاں تمام شعبوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مملکت اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کی لازوال دوستی پر خصوصی دستاویزی فلمیں اور قومی گیت دکھائے گئے۔ 2009ء میں جدہ میں آنے والے سیلاب کے دوران 14 افراد کی جان بچانے والے بہادرسعودی عرب اور پاکستان میں یکساں مقبول ہیرو فرمان علی خان (شہید) پر ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ بعد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ ڈاکٹر عاطف حسین کو سائنس اور انوویشن کے شعبے میں ان کے غیر معمولی کام کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔ تقریب میں پاک سعودی دوستی کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔استقبالیہ میں سعودی اعلیٰ حکام، سنگاپور، تھائی لینڈ، فلپائن اور جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک کے سفارتکاروں، کاروبای شخصیات، او آئی سی میں پاکستان کے مستقل سفیر رضوان سعید شیخ، پریس قونصلر سید حمزہ گیلانی، سعودی انٹرٹینمٹ اتھارٹی کی معاون خصوصی نوشین احمد وسیم، سعودی اور پاکستانی میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ سعودی کمیونٹی کی معززشخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا اختتام پُرتکلف عشایئے پر ہوا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض کمرشل قونصلر سید وحید شاہ نے انجام دیے۔