سفیر پاکستان بلال اکبر کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے لیے تاریخی اقدام

330

سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب میں مقیم ایسے تمام ورکرز جو ملازمت کی تلاش میں ہے اور ان کے اقامہ کی مدت ایک سال سے کم عرصے تک ختم ہوچکی ہو، ایسے افراد کے لیے جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جاب فیئر میں سعودی عرب کی ٹاپ کمپنیوں نے انٹرویو کرتے ہوئے پاکستانیوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان بلال اکبر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی لیبر پاکستان سے نہیں آسکتی اور ہمارے پاکستانی بھائی جن کے اقامے ختم ہوئے ابھی 10 ماہ سے کم ہیں، انہیں واپس پاکستان بھیجنے کے بجائے یہیں ان کی نوکری کا بندوبست کیا جائے تاکہ پاکستانی بھائیوں کی پریشانی دور کی جاسکے۔ سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے خصوصی تعاون کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سفارتخانہ پاکستان ریاض میں جاب فیئر کے انعقاد پر آنے والوں نےسفیر پاکستان کی خصوصی کاوش کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ سفارتخانہ پاکستان اپنے ہم وطنوں کی اسی طرح رہنمائی اور مدد کرتا رہے گا۔