افغانستان سے شہریوں کے انخلاء سے متعلق فیس بُک کا بڑا دعویٰ

471

فیس بک نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے طالبان کے افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد شہریوں کے انخلاء میں مدد کی ہے۔

فیس بُک کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ کمپنی نے 175 شہریوں کو افغانستان چھوڑنے میں مدد کی ہے۔ کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ انخلاء کرنے والوں میں 75 بچے، سماجی کارکنان اور صحافی بھی تھے۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیس بک کے ملازمین اور قریبی شراکت داروں کو افغانستان سے نکالنے کیلئے ہم نے صحافیوں اور اُن کی فیملی کو بھی وہاں سے نکالا جو شدید خطرے میں تھے۔

واضح رہے کہ فیس بُک طالبان کو دہشت گرد گروہ کے طور پر دیکھتا ہے۔ کمپنی نے اس ماہ کے شروع میں ہی اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر طالبان کے مواد پر پابندی جاری رکھے گی کیونکہ وہ اس گروپ کو ایک دہشت گرد تنظیم سمجھتی ہے۔