طلاق کے بعد دوبارہ شادی نہ کرنے پر خاتون نے سابق شوہر پر تیزاب پھینک دیا

364

کراچی: طلاق کے بعد دوبارہ شادی نہ کرنے پر خاتون نے سابق شوہر پر تیزاب سے حملہ کر دیا۔

نیو کراچی پولیس کے مطابق مبینہ تیزاب گردی کا واقعہ جمعرات کے روز ناگن چورنگی کے قریب پیش آیا، سابقہ بیوی نے اپنے سابق شوہر پر تیزاب پھینک دیا جس سے سابق شوہر کا چہرہ، سینہ اور جسم کے دیگر متاثر ہوئے جبکہ خاتون خود بھی معمولی زخمی ہوئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے واقعہ کے فوری بعد نیو کراچی تھانے پہنچ کر سابقہ شوہر پر تیزاب پھینکنے کا الزام عائد کیا، شبہ ہے کہ ملزمہ نے سابق شوہر پر تیزاب ڈال کر اس ہی کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی سازش کی، متاثرہ نوجوان کا اسپتال میں بیان لینے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ لڑکا ملزمہ کو 9 ماہ قبل طلاق دے چکا ہے، لڑکی نے لڑکے کو دو لڑکوں کے ذریعہ دھوکے سے بلایا اور حملہ کردیا۔

اہل خانہ کے مطابق ملزمہ طلاق کے بعد دوبارہ شادی  پر اصرار کر رہی تھی۔