عید الاضحی: سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے پیغامات

210

پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے چیئرمین عابد شعمون چاند نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پاکستان سمیت اہل اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قربانی اسلامی تعلیمات کا ایک اہم حصہ اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ و مثالی عبادت ہے۔ قربانی محض جانوروں کا خون بہانے کا نام نہیں، بلکہ اس کا اصل مقصد اللہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ ہمیں دراصل ایثار وقربانی کے اس جذبے ہی کو زندہ رکھنا ہے۔ عید الاضحی کا مقصد مسلمانوں میں اتحاد اخوت ایثار اور سخاوت کو فروغ دینا ہے اور یہ سب اُسی وقت ممکن ہے جب ہم اسلام کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہوں۔ بخل، حسد، لالچ اور نفرت جیسے منفی رجحانات کے بجائے سخاوت پر مبنی جذبہ کو فروغ دیں۔
پاک سعودی فرینڈ شپ فورم چیئرمین چودھری خالد رشید نےتمام ارکان کی جانب سے پاکستان کے سفیر(ر) لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو عید الاضحی اور حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سفیر پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کو جیلوں سے رہائی دلوانے میں بھرپور مدد کر رہے ہیں۔
سعودی میجرجنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد مصطفی الجہنی کے سینئر ایڈوائزر اسرار خان نے پہلے حج کی ادائیگی کے بعد پوری امت مسلمہ کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللہ کی رحمت و فضل اور سعودی حکومت کے عمدہ انتظامات سے تمام ارکان بخیر و خوبی ادا ہوئے۔ ان کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی دیگر مشہور شخصیات کشمیر کمیٹی جدہ کے مسعود احمد پوری، مکہ مکرمہ سے محمد عامل عثمانی، ڈاکٹر محمد سعید کریم بیبانی، قاری محمد آصف، میمن ایسوسی ایشن سعودی عرب کے سراج آدمجی، ملک عاصم اعوان، تصورحسین چودھری، الطاف اعوان اور پی آر سی کے کنوینیئر انجینئر سید احسان الحق و دیگر نے تمام دوستوں و احباب کو عید کی مبارک باد پیش کی۔