کل سے انٹر کے امتحانات کا آغاز، نقل کی روک تھام کیلیے اہم اقدامات

300
فائل فوٹو

کراچی( رپورٹ : حماد حسین): کراچی سمیت کل سے سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات کا آغاز ہوگا، نقل کی روک تھام کیلیے امتحانی مراکز کے قریب تمام فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں بند ہونگی۔

چیئر مین انٹر بورڈ پروفیسر سعید الدین کا کہنا ہے کہ  امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، 2 شکایتی سیل بھی قائم کئے گئے ہیں،  نقل کی روک تھام کے لئے ایف ائی اے کے سائبر ونگ کو خط لکھا گیا ہے۔

چیئر مین انٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ  کسی بھی طالبعلم کو موبائل فون یا کسی بھی قسم کی الیکٹرونک ڈیوائس لانے کی اجازت نہیں ہوگی، بصورت دیگر پرچہ منسوخ کردیا جائے گا، 16 رکنی ویجلینس ٹیم بنائی گئی ہے جو مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کرے گی،210 ویجیلینس افسر بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔

پروفیسر سعید الدین نے مزید کہاکہ پرچہ آؤٹ نہ ہونے کے لئے اسکول پرنسپل اور ویجلینس آفیسر کو احکامات جاری کئے گئے ہیں، حساس امتحانی مراکز کی نگرانی کے لئے ڈی جی رینجرز کو بھی خط لکھا گیا ہے، کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔