شہر ی پر تشدد ،غوثیہ نلی بریانی کی انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج

206

کراچی (اسٹاف رپورٹر )لیاقت آباد پولیس نے شہری پر تشدد کرنے والے غوثیہ نلی بریانی کی انتظامیہ سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ گزشتہ روز واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی تھی جس کے بعد پولیس نے شہری کی تلاش شروع کردی تھی۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی کا رہائشی شہری 18 جون کو غوثیہ نلی بریانی پر لنچ کرنے گیا، جہاں آرڈر مسلسل لیٹ ہونے کی وجہ سے شہری نے کاؤنٹر پر جا کر اپنے پیسے واپس مانگے جس پر غوثیہ نلی بریانی انتظامیہ آپے سے باہر ہوگئی اور شہری کو تشدد کیا نشانہ بنایا، جس کے بعد شہری نے وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی۔ پولیس نے انکوائری کی تو وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے شہری کی بات کی تصدیق ہوگئی۔ ایس ایچ او رضوان پٹیل کے مطابق غوثیہ نلی بریانی کی انتظامیہ سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔