فلسطینیوں سے یکجہتی و”غزہ ملین مارچ“ شہر بھر میں 100 سے زائد مقامات پر مظاہرے

366

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے تحت اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 2جون کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”غزہ ملین مارچ“کے سلسلے میں شہر بھر میں 100سے زائد اہم پبلک مقامات ومساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور امریکا واسرائیل کی مذمت کی گئی۔

 مظاہروں کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ ز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ لبیک یا اقصیٰ، غزہ میں آزادی کی جدوجہد ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے،غزہ قتل عام بند کرو، فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو۔

شرکاء نے پرجوش نعرے بھی لگائے جن میں نعرہ تکبیر اللہ اکبر، المدد المدد یا خدا یا خدا،پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ، فلسطین سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ، زندگی کی قیمت کا لاالہ الا اللہ، تیرا میرا رشتہ کیا لاالہ الا اللہ، مردہ باد مردہ باداسرائیل مردہ باد، اسرائیل کا ایک علاج الجہاد الجہاد،انقلاب انقلاب اسلامی انقلاب شامل تھے۔

 مقررین نے مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل کی طاقت، گھمنڈ اورٖغرور کو حماس کے مجاہدین نے 7 اکتوبر کو ہی پاش پاش کردیا تھا، اسرائیل کی فلسطین کے عوام پر بمباری و جارحیت کو مسلم حکمرانوں نے تقویت فراہم کی ہے،فلسطین میں ہمارے بچوں کو شہید کیا جارہا ہے۔