جماعت اسلامی کی اندرون سندھ ڈاکو راج کے خلاف صوبائی اسمبلی میں قرار داد جمع

425

کراچی:جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے اندرون سندھ امن وامان کی مخدوش صورتحال اور ڈاکوراج کے خلاف سندھ اسمبلی میں قراردادجمع کرادی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی،ڈاکو راج اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں سے سندھ کا ہر شہری پریشان اور عدم تحفظ کا شکار ہے۔

جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی نے کہاکہ  ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس وقت کراچی تا کشمور پورا صوبہ ڈاکوؤں کے حوالے کردیا گیا ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ ان واقعات کا رونما ہونا مقامی ظالم وڈیروں و انتظامیہ کی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں۔ جب تک ظالم وڈیرہ راج اور پولیس میں کالی بھیڑوں کیخلاف آپریشن نہیں ہوگا تب تک سندھ میں ڈاکو راج کا خاتمہ اور امن و امان ممکن نہیں ہے۔

محمد فاروق کا کہنا تھا کہ   امن و امان کے نام پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود سندھ کے باسی امن کیلئے ترس رہے ہیں، صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات اٹھائے تاکہ پورے صوبے میں امن وامان قائم ہوسکے۔