پاکستانی فزیشنزاینڈ سرجنز مڈل ایسٹ چیپٹر کا افتتاح

352

جدہ میں ایپس مڈل ایسٹ چیپٹرکے زیر اہتمام گرینڈ ورچوئل اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں 20 ممالک سے پاکستانی ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنلز نے شرکت کی۔ اجلاس کےمہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز ایپس مڈل ایسٹ چیپٹرکا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر مین سینیٹ نے صحت کے شعبے میں اہداف کے حصول کے لیے حکومت سے تعاون کے مشن پر ایپس کی ٹیم کو مبارکباد دی ۔انہوں نے فرنٹ لائن فزیشنز کو اپنی زندگیوں کی قربانی دینے کے لیے ان کی گرانقدر ہمت اور بہادری کو سراہا۔ جدہ میں پاکستان قونصل جنرل خالد مجید نے اظہار خیال کرتے ہوے ایپس میڈل ایسٹ کی تعریف کی اور مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کا باضابطہ آغاز ڈاکٹر اے مومن نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ میزبانی ڈاکٹر آفان اور ڈاکٹر ارم نے کی۔ تقریب کے آغاز میں ملی نغمے پیش کیے گئے، جس سے اجلاس کے شرکا میں جوش و ولولہ پیدا ہوا۔ ایپس یوکے کے چیف ایگزیکٹو افسر اور بانی ڈاکٹر اے حفیظ نے افتتاحی خطاب میں تنظیم کے 16 سال کے سفر پر روشنی ڈالی۔ ایپس یورپ کے بانی اور صدر ڈاکٹرعبدالرحمن شاہد نے دنیا بھر سے تمام پاکستانی ہیلتھ کیئر ورکرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے انہیں باہم منسلک کرنے کا وژن پیش کیا۔ ایپس مڈل ایسٹ کے بورڈ ارکان ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈاکٹر جمال سید اور ڈاکٹر نگہت آفتاب نے اپنے خطاب میں تنظیم کی حمایت کی اور اسے اہم فورم قرار دیا۔ مشرقی وسطیٰ میں پاکستان کے معزز سفیروں نے بھی اس نئی تنظیم کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اجلاس میں پاکستان میڈیکل کونسل کے صدر ڈاکٹر ارشد تقی بھی شریک ہوئے انہوں نے اجلاس کو پی ایم سی کے نئے قواعد آن لائن رجسٹریشن، بائیومیٹرک نظام کے آغاز اور دنیا میں آن لائن امتحانات کے انعقاد سے آگاہ کیا۔ ایپس مڈل ایسٹ کے صدر ڈاکٹر محمد وقار سعید نے تنظیم کے مقاصد اور وژن پر تفصیل سے بات کی۔
اجلاس میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا وڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا۔انہوں نے ایپس کے کام کی تعریف کی اور ہیلتھ کیئر ورکرز کے درمیان سیکھنے کے فاصلاتی نظام کے تصور کو سراہا۔ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر ایپس یورپ کے بانی صدر ڈاکٹر شاہد نے کہا کہ ایپس کی تاریخ میں یہ کامیابی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاک اوورسیز میڈیا فورم سعودی عرب اور پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کو ایپس مڈل ایسٹ چیپٹر کا میڈیا پاٹنر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔