سفیر پاکستان کو جدہ آمد پرکمیونٹی اور صحافیوں کی جانب سے خوش آمدید

387

سفیرِ پاکستان لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کا پہلا سرکاری دورہ کیا اور دیگر امور کے علاوہ انہوں نے پاکستانی صحافیوں سے خصوصی ملاقات بھی کی۔ بلال اکبر کی پہلی بار پاکستان قونصل خانہ آمد پر پاکستان اوورسیز میڈیافورم کی جانب سے سینئر نائب صدر ثنا شعیب نے گلدستہ پیش کیا۔ تعارفی نشست کے ابتدائی کلمات پریس قونصل سید حمزہ گیلانی نے ادا کیے۔ انہوں نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں قونصل جنرل خالد مجید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان کو جدہ آمد پرکمیونٹی اور صحافیوں کی جانب سے خوش آمدید کہا اور قونصل خانے کی کارگردگی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ نئے سفیر پاکستانیوں کے مسائل ترجیح بنیاد پر حل کرنا چاہتے ہیں۔
سفیر پاکستان بلال اکبر نے اپنے ابتدائی تعارفی خطاب میں کمیونٹی کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے آئندہ آنے والے مہینوں میں پاکستانی سفارت خانہ ریاض اور جدہ قونصلیٹ کی کارگردگی پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی تارکین کے ھروب (کفیل سے فرار)، اقاموں کی تجدید، جیلوں میں قید پاکستانیوں، کفیلوں کے ساتھ معاملات سمیت دیگر کئی معاملات پر کام کریں گے۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ کمیونٹی کے وہ مسائل جن کا تعلق براہ راست حکومت پاکستان سے ہے، ان کو حل کرنے میں کوئی تاخیربرداشت نہیں کی جاے گی اور جن مسائل کا تعلق سعودی حکومت سے ہے، ان کو مقامی قوانین کے مطابق بلا تاخیر حل کرنے کی مکمل کوشش کی جائے گی۔ بلال اکبر نے مثبت صحافتی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تمام صحافیوں سے ملک اور تارکین وطن کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرنے کی امید ظاہر کی۔ آخر میں پاک اوورسیز فورم کے صدر شعیب الطاف سے خصوصی بات چیت کرتے ہوے سفیر پاکستان نے پی او ایم ایف کی ٹیم کو ریاض آنے کی دعوت بھی دی۔