بھارتی مظالم پر عالمی خاموشی تاریخ کا سب سے بڑا جرم ہے‘ انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب

237

انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب (سعودی عرب) کے رہنما سردار محمد رزاق خان، ملک محمد جہانگیر، پروفیسر ملک منصور جمشید اور عبدالقادر عبدالکریم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی کشمیری عوام پر ظلم کی انتہا کی جا رہی ہے۔ بھارت کے مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی کو تاریخ کا سب سے بڑا جرم قرار دیتے ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب سعودی عرب کے مرکزی صدر سردار محمد رزاق خان نے کہا کہ ماہ صیام میں بھی جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے ظلم وستم کو جاری رکھا ہوا ہے۔ کشمیر ہمارے وجود کا حصہ ہے اس لیے ہمیں اس کا درد محسوس ہوتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے باہر بیٹھے لوگ کشمیر کے سفیر بنیں اور احتجاج کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ہمارے کشمیر کی سر زمین ہی نہیں بلکہ مشترکہ بھائی چارے کی تباہی چاہتا ہے جو ہم کبھی ممکن نہیں ہونے دیں گے۔ نائب صدر ملک محمد جہانگیر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج پیلٹ گنوں کا استعمال کر کے کشمیریوں سے ان کی بنیائی تو چھین سکتی ہے لیکن کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں کو نہیں روک سکتی۔ پروفیسر ملک منصور جمشید نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر جہاں عام دنوں میں ظلم وستم کا بازار گرم کیے رکھتی ہے، وہیں اس کی بہیمانہ کارروائیاں رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں بھی جاری ہیں، جو عالم اسلام کے لیے بڑا المیہ ہے۔