پاکستان فورم منطقہ شرقیہ کے تحت یوم پاکستان پر تقریب

201

پاکستان فورم منطقہ شرقیہ کی جانب سے 23 مارچ پر شاندار آن لائن پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جس کی سعادت عرفان انصاری کو حاصل ہوئی۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے انہوں نے کہا کہ ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔ اس وقت بھی دنیا کے بے شمار خطے آزادی کے لیے تڑپ رہے ہیں، جیسا کہ کشمیر، فلسطین اور دیگر خطے اور ممالک آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں۔
میزبان نے تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان فورم نے ہمیشہ اپنےاسلاف کی پہچان کروانے کی کوشش کی ہے۔ پروگرام کے مقرر اظہر اقبال حسن نے اسلامی نظریہ حیات کی قران و حدیث کی روشنی میں تفصیل اور وضاحت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلمانوں کو خطہ اور حکومت عنایت ہوتی ہے تو وہ کس طرح اللہ تعالیٰ کی زمین پر اس کے نظام کا نفاذ کرتے ہیں۔ انہوں نے برصغیر پاک و ہند کا پس منظر بیان کرتے ہوئے 1857ء کی جنگ آزادی سے لے کر 1947ء تک کے حالات و واقعات کا ذکر کیا۔
آخر میں پاکستان فورم کے صدر یعقوب سیفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فورم اپنی 28 سالہ تاریخ اور درخشاں روایات کو قائم رکھتے ہوئے اپنی ذمے داریوں کا احساس کرتا ہے۔ انہوں نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی اور سالمیت کے لیے خصوصی دعا کی۔