تین روز میں حصص سرمایہ کاروں کو 360ارب روپے کا نقصان

104

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںتین روز میں انڈیکس کی گراوٹ 2145 پوائنٹس ہوگئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 360 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ بدھ کو بھی شدید مندی کا تسلسل برقرار رہا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس44ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 531.23پوائنٹس کی کمی سے 43691.68پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ 68.26 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 99ارب 37 کروڑ2 روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی منگل کی کی نسبت26.21فیصدکم رہا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبارکے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث مندی چھاگئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100 انڈیکس 44 ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 43620 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں معمولی ریکوری آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کا رجحا ن آخر تک غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس531.23 پوائنٹس کی کمی سے 43691.68 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 244.75پوائنٹس کی کمی سے 18325.85 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 344.44 پوائنٹس کی کمی سے 30038.08 پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔گزشتہ روزمجموعی طور پر397 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے110کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ271میں کمی اور 16 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیںگرنے کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 79 کھرب 30 ارب 94 کروڑ63لاکھ روپے سے گھٹ کر 78 کھرب 31 ارب 57 کروڑ61لاکھ روپے ہوگئی ۔قیمتوں میں اتار چڑھاوٗ کے لحاظ سے سرفہرست کمپنیوں میںباٹا کے حصص کی قیمت37.43 روپے کے اضافے سے 2170.28 روپے اور کولگیٹ پامولو کے حصص کی قیمت 36.82 روپے کے اضافے سے 2750روپے ہوگئی ۔