سعودی عرب اور خلیج میں کرکٹ کا معروف پلیٹ فورم ’’آر سی اے ‘‘

246

’’ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن‘‘ (آر سی اے) سعودی عرب اور خلیج میں کرکٹ کا معروف پلیٹ فورم ہے، جو سعودی عرب کی نیشنل چیمپئن جیتے کا اعزاز بھی رکھتی ہے۔ گزشتہ دنوں فائنل میچ کی تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی، جس میں شرکت کے لیے شائقین کی بڑی تعداد آر سی اسپورٹس کمپلیکس میں موجود تھی۔ ٹورنامنٹ کو المؤمن انٹرنیشنل اسکول کے سربراہ اور آر سی اے کے پیٹرن و چیئرمین محمد انور نے اسپانسر کیا تھا۔ اس موقع پر سی ای او آر سی اے ندیم بابر نے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مستقل تعاون کرنے پر پیٹرن ان چیف پرنس ڈاکٹر عبد العزیز بن ناصر بن عبد العزیز ال سعود کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا نے زندگی کے ہر شعبے میں ہمیں متاثر کیا ہے اور کرکٹ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ تاہم کسی بھی بیماری سے لڑنے کے لیے کھیل اور صحت مند طرز زندگی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آر سی باصلاحیت کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کھلوانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے اے آر اسپورٹس کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے بیٹ اور شوز اسپانسرز کیے۔ سینئر نائب صدر ناصر عباسی نے کہا کہ مشکل وقت میں کرکٹ کمیونٹی کے جوش و جذبے کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آر سی اے اپنی ٹیموں کو اسی طرح شاندار کرکٹ کے مواقع دیتی رہے گی۔