طالبان جنگ بندی پر تیار نہیں ہیں، افغان مذاکرات کار

537

افغانستان کے قومی مصالحتی کمیشن کے رکن حافظ منصور کا کہنا ہے کہ طالبان کی اکثریت کا خیال ہے کہ وہ جنگ کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کر سکتے ہیں، طالبان جنگ بندی پر تیار نہیں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حافظ منصور نے کہاکہ دونوں فریقین نے گزشتہ سال مذاکرات کا آغاز اس مقصد سے کیا کہ وہ سیز فائر قائم کریں، جب غیر ملکی قوتیں ملک سے نکلیں گی تو جمہوری حکومت کی راہ ہموار ہوگی، امریکہ اس سے قبل طالبان کے ساتھ ایک معاہدے پر پہنچ چکا تھا، جس کے تحت امریکا اور طالبان حملوں کو محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور 5 جنوری سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہو رہا ہے۔

جبکہ دوسری جانب افغان نائب صدر امراللہ صالح کا کہنا تھا کہ افغانستان ایک پیچیدہ صورتحال سے دوچار ہے اور کسی ایک پارٹی یا گروپ کا حکومت کرنا ممکن نہیں ہو گا۔

انہوں نے طالبان کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے مزید کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن کے لئے ہر ایک سے بات چیت کے لئے تیار ہیں۔