جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے انتخابات

357

جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے انتخابات مکمل ہو گئے، جس میں چیئرمین چودھری خورشید متیال، جنرل سیکریٹری راجا ریاض فیروز اور سینئر وائس چیئرمین سردار وقاص کی تقریب حلف برداری جدہ کے مقامی ریستوران میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کرنا جموں کشمیر کمیونٹی کا اولین مقصد ہے۔ ساتھ ہی جہاں کہیں کشمیری کسی آزمائش کا شکار ہوں، ان کی اپنی بساط کے مطابق زیادہ سے زیادہ مدد اور حوصلہ افزائی کرنا بھی ترجیحی مقاصد کا حصہ ہونا چاہیے۔
تقریب کے دوران سابق جنرل سیکریٹری سردار وقاص عنایت اللہ نے سبکدوش ہونے والی باڈی کی 2 سالہ مفصل کارکردگی پیش کی، جس میں انہوں نے جے کے سی او کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے حوالے سے گزشتہ فروری میں ایک تقریب کے ذریعے او آئی سی کو قرارداد پیش کی گئی، جسے پاکستانی مندوب رضوان سعید شیخ نے مختلف زبانوں میں ترجمہ کروا کے مختلف فورمز کو بھیجا۔ اس کے بعد 2 سالہ مالیاتی رپورٹ سیکریٹری مالیات راجا شمروز نے پیش کی۔ کورونا وبا کے دوران جے کے سی او کی طرف سے اپنے کشمیریوں مستحق بھائیوں اور کچھ خاندانوں کی راشن کی مد میں مدد کی۔ اس حوالے سے کیے گئے اقدامات اور فنڈ کی رپورٹ وائس چیئرمین چودھری معروف حسین نے پیش کی۔
شرکا نے سبکدوش ہونے والے عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 2 سالہ کارکردگی کو سراہا اور نو منتخب عہدے داروں کو مبارکباد پیش کی۔تقریب سے سردار کامران اعظم، انجینئر عارف مغل، سردار غلام مصطفی، اکرام عباسی، رضوان افتخار، سردار مہتاب سرور، کامران بیگ، خالد گجر، ارشد بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔