کشمیر کمیٹی جدہ کا خصوصی اجلاس

228

کشمیر کمیٹی جدہ کا خصوصی اجلاس صدر مسعود احمد پوری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں انسانی حقوق کونسل (ایچ آر سی) میں پاکستان کے دوبارہ رکن منتخب ہونے پر قوم کو مبارکباد پیش کی گئی اور توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاری حقوق انسانی کی پامالی پر بھرپور آواز بلند کرتا رہے گا۔
کمیٹی کے ترجمان محمدعامل عثمانی نے نمایندہ جسارت سید مسرت خلیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے تمام شرکا نے توقع ظاہرکی کہ انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کے دوبارہ منتخب ہونے سے پاکستان کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کا ایک منفرد موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 193 رکنی جنرل اسمبلی میں 169 ووٹوں سے برتری حاصل ہوئی، جو واضح ثبوت ہے کہ اقوام عالم اس خطے کی حساس صورت حال کو سمجھنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی جدہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمایندے سفیر رضوان سعید شیخ کو بھی کامیاب سفارتکاری پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
رضوان شیخ نے او آئی سی کے بھر پور تعاون اور کشمیر کاز کو پوری سنجیدگی سے اجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں آگے بڑھنے کی کوشش کی ہے، جس کی پاکستان نے ہمیشہ تعریف کی ہے۔ اجلاس میں صدر مسعود احمد پوری، محمدعامل عثمانی، سردار اقبال یوسف، سردار نصر اقبال خان، ڈاکٹر مجاہد ظفر، پرویز یوسف مسیح دیگر نے شرکت کی۔