وزیراعظم نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنے کی تجویز مسترد کردی

448
وزیراعظم نے منحرف ارکان کو راضی کرنے کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دے دیا

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے موجودہ و سابق کپتانوں کی جانب سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی تجویزکو مسترد کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق و موجودہ کپتانوں نے ملاقات کی، جس میں سب سے زیادہ زیر بحث ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے ڈھانچےرہااور اس پر طویل تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں سابق کپتانوں میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور محمدحفیظ شامل تھے، ان کے علاوہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی جبکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں سابق کرکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈپارٹمنٹس کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ  ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے سے مقامی کھلاڑی بے روزگار گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی تجویز مسترد کردی، ان کا کہنا تھاکہ ریجنل کرکٹ سب سے بہترین ڈومیسٹک اسٹرکچر ہے، پرانا ڈومیسٹک نظام ختم ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات کا اندازہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر کرکٹ ٹھیک کرنی ہے تو  ریجن کرکٹ  واحد حل ہے، جب نظام بدلتا ہے تو ایک دم نتائج نہیں آتے، نئے ڈومیسٹک ڈھانچے سے حقیقی ٹیلنٹ اوپر آئےگا۔

بعدازاں وزیراعظم کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مصباح الحق، محمد حفیظ اور اظہر علی کو بڑی مشکل سے سمجھایا ہے کہ نئے نظام سے تبدیلیاں نظر آئیں گی۔