بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے اکاؤنٹ تصدیق کی سہولت

332

پاکستانی قونصلیٹ جنرل جدہ میں قونصل پریس سید حمزہ سلیم گیلانی کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹس کی تصدیق میں درپیش مشکلات حل کرنے کے لیے متبادل ہدایات جاری کردی ہیں جس کے بعد ایسے تمام افراد جو بائیو میٹرک تصدیق کے لیے ملک میں موجود نہیں ہیں، وہ دیگر دستاویزات آن لائن جمع کروا کر پاکستان میں موجود اپنے اکاؤنٹس کی تصدیق کرواسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا یہ متبادل انتظام نوکری کی غرض سے ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں کو رقوم کی منتقلی اور ملک میں ان کے بینک اکاؤنٹ کی معطلی کے حوالے سے موصول شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ بینک دولت پاکستان کے اعلامیے کے مطابق متبادل نظام کے تحت بیرون ملک مقیم خواتین و حضرات اپنے متعلقہ بینک سے بذریعہ ای میل/عام ڈاک رابطہ کرکے اپنی شناختی دستاویزات (پاسپورٹ، ویزا، شناختی کارڈ) فراہم کریں، جنہیں بائیومیٹرک تصدیق کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ اکاؤنٹ کی تصدیق کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے بینک اکاؤنٹ کو بغیر کسی روک ٹوک استعمال کرسکیں گے۔ مرکزی بینک کی جانب سے واصح کی گئی تصدیق کی شرائط اور ضابطہ کار کے تحت بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کو 3 درجات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ غیر مقیم پاکستانی، عارضی طور پر باہر مقیم پاکستانی اور مشترکہ اکاؤنٹ ہولڈرز۔
ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک محمد اختر جاوید کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق غیر مقیم پاکستانیوں کو بینک اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے مندرجہ ذیل دستاویزات بھجوانا ہوں گی۔
1۔ صارف کےغیر مقیم پاکستانی ہونے کی تصدیق بذریعہ موثر پاسپورٹ، ویزا، رہائشی پرمٹ یا دیگر مصدقہ دستاویزات
2۔ شناختی کارڈ یا نائکوپ کی کاپی
3۔ متعلقہ بینک کا اکاؤنٹ نمبر
4۔ صارف کی جانب سے رہائشی اسٹیٹس تبدیل ہونے کی صورت میں بینک کو مطلع کرنے کا تصدیق نامہ
فراہم کردہ معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجوزہ بینک نادرا کے ذریعے تصدیق کرے گا۔
وہ تمام افراد جو بیرون ملک مقیم پاکستانی تو نہیں مگر عارضی طور پر ملک سے باہر رہائش پذیر ہیں انہیں ملک میں نہ ہونے کا قابل قبول ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ معلومات کی فراہمی کے بعد متعلقہ بینک نادرا کے سسٹم کے ذریعے تصدیق کا عمل مکمل کرے گا جو بائیو میٹرک تصدیق کا متبادل ہوگا۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ متبادل تصدیق کا یہ عمل صرف اس وقت تک قابلِ عمل ہوگا جب تک صارف ملک سے باہر ہے۔ ملک واپسی کی صورت میں صارف کو فوری طور پر بائیو میٹرک تصدیق کروانا ہوگی۔
مشترکہ اکاؤنٹ کی صورت میں پاکستان میں مقیم شہری کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی جبکہ ملک سے باہر مقیم شہری کی رہائشی صورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مندرجہ بالا طریقے سے متبادل تصدیق کی جائے گی۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر فائنانسنگ آف ٹیررازم کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات کے تحت تمام بینک اکاؤنٹس کی بائیو میٹرک تصدیق لازم قرار دی گئی ہے اور تصدیق نہ کروانے کی صورت میں اکاؤنٹ معطل کیا جا رہا ہے، تاہم نوکری کی غرض سے ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں کو اس حوالے سے مشکلات درپیش آرہی تھیں کیونکہ ملک میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے ان کے اکاؤنٹ معطل ہورہے تھے اور انہیں پاکستان رقم بھیجنے میں بھی دقّت کا سامنا تھا۔ اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے بینک دولت پاکستان نے ایک متبادل نظام متعارف کروایا ہے جو ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کے خاتمے میں معاون ہوگا۔