جدہ میں نئے پریس قونصلر سید حمزہ سلیم گیلانی کے ساتھ نشست

392

پاکستان قونصلیٹ جدہ میں نئے تعینات ہونے والے پریس قونصلر سید حمزہ سلیم گیلانی نے 6اگست 2020ء سے اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ امریکا سے تعلیم مکمل کرنے اور وزارت اطلاعات پاکستان لاہور میں ڈائریکٹر جنرل کے طورکے پر فرائض انجام دینے والے سید حمزہ سلیم گیلانی نے اپنی خوش اخلاقی اور ملنسار طبیعت کے باعث بہت تیزی کے ساتھ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی اور صحافی برادری میں مقبولیت حاصل کی۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد نمایندہ جسارت سید مسرت خلیل کے ساتھ ایک نشست میں انہوں نے اپنی تعیناتی اور ذمے داریوں سے متعلق بتایا۔ سید حمزہ سلیم گیلانی نے کہا کہ فی الحال تو لوگوں سے ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران بہت کچھ نیا سیکھنے کو مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری زیادہ توجہ سعودی میڈیا کی طرف ہے، جس کے لیے مجھے یہاں تعینات کیا گیا ہے اور امید ہے کہ میں پاکستان اور سعودیہ کے لیے اچھا کام کروں گا اور دونوں اسلامی برادر ملکوں کے تعلقات بہتر اورمزید مضبوط بنانے میں اپنا ہرممکن کردار ادا کروں گا۔
سعودی عرب آمد اور قیام سے متعلق بات کرتے ہوئے سید حمزہ سلیم گیلانی نے بتایا کہ یہاں کسی مسلمان میں ئی مذہبی، ثفافتی یا سماجی فرق محسوس نہیں ہوتا۔ جب ہم یہ سوچتے ہیں کہ حرمین الشریفین کے قریب ہیں تو یہ تاثر بہت تقویت دیتا ہے۔
پاکستانی صحافیوں کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیسے ایک ڈاکٹر یا انجینئر اپنے کام کا ماہر ہوتا ہے، اِسی طرح اگر آپ صحافتی اقدار سے واقف نہیں تو آپ کا اس پیشے سے تعلق نہیں ہے بلکہ آپ دوسروں کے ساتھ ملک کے لیے بھی بدنامی کا باعث بن سکتے ہیں۔ لہٰذا جو صحافی ہو، وہ پوری طرح اس شعبے کو اپنائے اور قلمی جہاد کے اس راستے کا حق ادا کرے۔ نئے پریس قونصلر سید حمزہ سلیم گیلانی ریڈیو پاکستان کے سابق ڈائریکٹر جنرل سلیم گیلانی مرحوم کے فرزند ہیں اور کامیاب سفارت کار ہونے کے ساتھ اچھے شاعر بھی ہیں۔